حج درخواستیں،دوسری قسط کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 51 ہزار 500 عازمین حج واجبات کی دوسری قسط ادا کرچکے ہیں، جبکہ اس مد میں مجموعی طور پر 32 ارب 60 کروڑ روپے وصول کیے جاچکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق 26 ہزار عازمین نے ون لنک، 2 ہزار 126 نے بینک کارڈ اور 23 ہزار 200 عازمین نے بینک چالان کے ذریعے نقد رقم جمع کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شناختی کارڈ پر تصویر اور مستقل پتہ گھر بیٹھے تبدیل کرنے کا طریقہ
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 55 فیصد رہا، جبکہ دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ دوسری قسط کی ادائیگی سے قبل میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔
ترجمان کے مطابق مقررہ تاریخ تک دوسری قسط ادا نہ کرنے والے عازمین کی حج درخواست منسوخ کردی جائے گی، تاہم درخواست گزار کی جمع شدہ رقم واپس کردی جائے گی۔