سعودی عرب میں پاکستانی فوجی دستوں کی موجودگی کی تصدیق
امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں سے دفاعی تعلقات قائم ہیں اور پاکستانی فوجی دستے بھی کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں تعینات ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب میں موجود پاکستانی فوجی دستے مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ دنوں مکہ دفاعی اتحاد نے سعودی عرب میں ضروری فوجی قوت اور صلاحیتیں فوری طور پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں اجتماعی دفاعی وعدوں پر فوری عملی پیش رفت اور ضروری فوجی قوت و صلاحیتیں سعودی عرب میں فوری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ تینوں ممالک کی سلامتی اجتماعی سلامتی کا لازمی حصہ ہے، جبکہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا اجتماعی دفاع کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔