عمان کا پاکستانی ہنرمند کارکنوں کے لیے پابندیاں نرم کرنے پر غور کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسقط میں عمان کے وزیر برائے زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبیسی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں زراعت، ماہی گیری، لائیو اسٹاک، آبی زراعت (ایکوا کلچر) اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
عمانی وزیر سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے کہا کہ عمان میں ہنرمند کارکنوں کی طلب بدستور زیادہ ہے اور پاکستانی نوجوان غیر معمولی مہارت اور صلاحیتوں کے حامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے میں فضائی میزبانوں کی بھرتیوں کا اعلان
انہوں نے یقین دلایا کہ تعمیرات، آبی زراعت، زراعت اور دیگر شعبوں میں پنجاب سے آنے والے ہنرمند کارکنوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
عمانی وزیر نے کہا کہ عمان مختلف شعبوں میں ہنرمند کارکنوں کی طلب سے متعلق معلومات پنجاب کے ساتھ بھی شیئر کرے گا۔
مریم نواز شریف نے عمان میں پنجاب سے ہنرمند کارکنوں کی آمد پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے لیے اقدامات کی تجویز پیش کی۔
حکومت پنجاب کے اعلامیے کے مطابق عمانی وزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی اس تجویز پر غور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہزاروں نوجوانوں کو تربیت دی جاچکی ہے، جبکہ لاکھوں نوجوانوں کو مقامی اور عالمی جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہنرمند بنایا جارہا ہے۔