سوات: مقامی رہنما مسلم لیگ ن قاتلانہ حملے میں جاں بحق
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سامیر میں اس وقت پیش آیا جب روشن اپنے گھر کے باہر موجود تھے، نامعلوم ملزمان نے اچانک فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کی آواز سن کر اہل علاقہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ پولیس کو بھی اطلاع دی گئی، زخمی روشن کو طبی امداد کیلئے منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے علاقے میں کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے محرکات فوری طور پر سامنے نہیں آسکے، تاہم شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں تاکہ فائرنگ میں ملوث افراد تک پہنچا جاسکے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مری میں سکول وین کو حادثہ، 11 بچے جھلس گئے
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد فائرنگ کے محرکات اور ملزمان سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔