فیلڈ مارشل سے امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد کی ملاقات
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی افغانستان وار کمیشن کی شریک چیئر شمائلہ چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن پر مشتمل وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال، خطے میں سیکیورٹی کے معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی، جبکہ افغانستان میں جاری تنازع کے دوران پاکستان کے کردار اور تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کے دعوے پر رائٹرز کی رپورٹنگ بھی سوالات کی زد میں آگئی
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد 20 سالہ افغانستان جنگ میں امریکی شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس سلسلے میں وفد نے افغانستان کے تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز اور خطے میں پاکستان کے کردار سے متعلق بھی معلومات حاصل کیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان میں طویل تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے امریکی وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے افغان تنازع کے اسٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل جائزے میں علاقائی پہلوؤں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف بھی پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے افغان تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا، جبکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔