جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس انتقال کر گئے
وہ گزشتہ چند ہفتوں سے شدید علالت کے باعث صاحبِ فراش تھے، ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد جماعت اسلامی کے رہنماؤں، کارکنوں اور دینی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حافظ محمد ادریس کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ان کی دینی، سیاسی اور تحریکی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا، مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔
جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ سمیت دیگر مرکزی اور صوبائی رہنماؤں نے بھی حافظ محمد ادریس کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
واضح رہے کہ حافظ محمد ادریس کا شمار جماعت اسلامی پاکستان کی اہم شخصیات میں ہوتا تھا، انہوں نے اپنی زندگی دینی، دعوتی، سیاسی اور تحریکی سرگرمیوں کیلئے وقف کیے رکھی۔
وہ طویل عرصے تک جماعت اسلامی کے نائب امیر کے عہدے پر فائز رہے، اس کے علاوہ انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکزی قیم یعنی سیکرٹری جنرل اور پنجاب کے امیر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔
حافظ محمد ادریس دینی علوم پر گہری دسترس رکھنے کے ساتھ معروف مقرر اور مصنف بھی تھے، انہوں نے قرآن، حدیث اور سیرتِ طیبہ سمیت مختلف دینی و فکری موضوعات پر متعدد کتب تحریر کیں۔
وہ اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی ارکان میں بھی شامل رہے اور نوجوانوں کی دینی و فکری تربیت میں کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:عظمیٰ خان اور نورین نیازی بھی گرفتار
ان کی وفات پر جماعت اسلامی کے حلقوں کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے جبکہ رہنماؤں نے ان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے مرحوم کیلئے مغفرت کی دعائیں کی ہیں۔