عظمیٰ خان اور نورین نیازی بھی گرفتار
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان سمیت دیگر افراد کو حراست میں لیا۔
پولیس نے علیمہ خان کی رہائش گاہ پر کارروائی کی، جہاں سے ان کی بہنوں اور بھانجوں کو حراست میں لیا گیا، بعد ازاں انہیں بکتر بند گاڑی کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
اس سے قبل پولیس نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو بھی اپر مال سے جم خانہ جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق علیمہ خان کو لٹن روڈ پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا، جبکہ ان کی ذاتی گاڑی مزنگ تھانے میں کھڑی کردی گئی۔
دوسری جانب علیمہ خان کے گھر کے قریب سے نورین نیازی کی صاحبزادی ہاجرہ نیازی اور ان کے شوہر کو بھی پولیس نے ناکے پر روک کر تحویل میں لیا تھا، دونوں کو مختلف تھانوں میں منتقل کیا گیا، تاہم کچھ دیر حراست میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان گرفتار
واضح رہے کہ احتجاج کے پیش نظر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔