عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان گرفتار
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے علیمہ خان کو لاہور سے گرفتار کیا، تاہم گرفتاری کی وجوہات اور ان کیخلاف درج مقدمات سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
دوسری جانب راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل آنے والی خصوصی طبی ٹیم معائنے کے بعد واپس روانہ ہوگئی۔
خصوصی طبی ٹیم کی سربراہی پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹر عارف خان نے کی، ٹیم میں ماہر امراضِ چشم سمیت مختلف شعبوں کے دیگر ڈاکٹرز بھی شامل تھے۔
طبی معائنے کیلئے پیرا میڈیکل عملہ اور ضروری طبی آلات بھی خصوصی ٹیم کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔ طبی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ مکمل کرنے کے بعد جیل سے واپسی اختیار کی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عمران خان کی صحت اور ان سے ملاقاتوں سے متعلق معاملات سیاسی اور عوامی سطح پر زیر بحث ہیں۔
علیمہ خان کی گرفتاری سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کے بعد صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے۔