کراچی ایئرپورٹ کی توسیع، سکھر اور حیدرآباد ایئرپورٹس کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے وفد کے ساتھ اہم اجلاس ہوا. فائل فوٹو
Updated | Published September, 19 2026 |
کراچی (ارشاد علی سنجرانی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے وفد کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، جس میں سکھر، کراچی اور حیدرآباد ایئرپورٹس کے ترقیاتی و اپ گریڈیشن منصوبوں، ایوی ایشن یونیورسٹی کے قیام اور صوبے میں ایوی ایشن انفراسٹرکچر کی بہتری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو صوبائی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ محکموں کو زمین کی فراہمی، سڑکوں کے رابطے اور دیگر ترقیاتی امور میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور کمشنر کراچی حسن نقوی شریک ہوئے، جبکہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے کی۔ وفد میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انجینئر سمیر سعید، ڈائریکٹر انجینئرنگ سروسز کاشف شاہ، ڈائریکٹر کمرشل عبدالباسط، سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر انجینئر ظفر اللہ مہیسر، انجینئر حافظ زاہد، انجینئر عرفان خان اور احتشام بھی شامل تھے۔

اجلاس میں سکھر میں نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹ کے قیام کے حوالے سے فزیبلٹی اسٹڈی پر وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی حکام نے بتایا کہ نیا سکھر ایئرپورٹ بالائی سندھ اور قریبی علاقوں کے لیے علاقائی گیٹ وے کے طور پر کام کرے گا۔

مجوزہ ایئرپورٹ سالانہ 16 لاکھ مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھے گا، جبکہ یہاں بڑے طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ کراچی سے متبادل راستے پر موڑے جانے والے طیارے بھی سکھر ایئرپورٹ پر لینڈ کرسکیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ سکھر ایئرپورٹ کو فضائی حدود، زمین کی قلت اور مستقبل میں توسیع کے حوالے سے رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ فزیبلٹی اسٹڈی کے مطابق سکھر ریجن کے تین گھنٹے کے سفر کے فاصلے پر 2 کروڑ 96 لاکھ سے زائد آبادی موجود ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے تقریباً 3 ہزار ایکڑ زمین درکار ہے۔ پی اے اے نے منصوبے کے لیے زمین کے حصول میں سندھ حکومت سے تعاون مانگتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) موڈ کے تحت منصوبے میں شراکت داری کی دعوت بھی دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو زمین اور رابطوں کے معاملات پر پی اے اے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی جاری اپ گریڈیشن اور جدید کاری کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولیات، فلورنگ، سیلنگ، لائٹنگ، سائن ایج اور کار پارکنگ کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

ایئرپورٹ کی تزئین و آرائش میں وادی سندھ کی تہذیب، ثقافتی ورثے اور تاریخ کے رنگ نمایاں کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ کراچی ایئرپورٹ منصوبے کا پی سی ون اور تفصیلی ڈیزائن تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ منصوبے کی تکمیل کی مدت دو سال مقرر کی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے فلیگ شپ رن وے کی تعمیر نو اور توسیع کا کام معاہدے کی مدت میں مکمل کرلیا گیا ہے۔ رن وے کی لمبائی 3,200 میٹر سے بڑھا کر 3,500 میٹر کردی گئی ہے اور اسے فعال بھی کردیا گیا ہے۔

کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکسی ویز، ایئر فیلڈ لائٹنگ اور نیوی گیشن کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے، جبکہ 285 فٹ بلند نیا اے ٹی سی ٹاور اور جدید 10 بے فائر اسٹیشن تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔

حکام کے مطابق نئے اے ٹی سی ٹاور اور فائر اسٹیشن سے ہنگامی ردعمل اور فضائی آپریشنز کی نگرانی میں بہتری آئے گی۔

کراچی ایئرپورٹ ٹرمینل کی توسیع کے لیے دو مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ پہلے آپشن کے تحت ٹرمینل بلڈنگ کو ایک لاکھ 15 ہزار مربع میٹر سے بڑھا کر 4 لاکھ مربع میٹر کیا جائے گا، جبکہ بورڈنگ برجز کی تعداد 12 سے بڑھا کر 25 کردی جائے گی۔

دوسرے بڑے آپشن کے تحت 50 بورڈنگ برجز اور سالانہ 7 کروڑ 50 لاکھ مسافروں کی گنجائش پیدا کرنے کی تجویز ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سڑکوں کے رابطے اور توسیعی منصوبوں کے لیے متعلقہ محکموں کو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں حیدرآباد ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔ حکام نے حیدرآباد ایئرپورٹ کو علاقائی ایوی ایشن حب اور کراچی کے متبادل ایئرپورٹ کے طور پر ترقی دینے کی تجویز سے آگاہ کیا۔

منصوبے کے تحت حیدرآباد ایئرپورٹ کے موجودہ 7 ہزار فٹ طویل رن وے کو بڑھا کر 11 ہزار 500 فٹ کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس منصوبے سے حیدرآباد اور قریبی علاقوں سے زرعی و دیگر مصنوعات کی نقل و حمل اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

حیدرآباد ایئرپورٹ کراچی ایئرپورٹ پر فضائی دباؤ کی صورت میں متبادل لینڈنگ کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حیدرآباد ایئرپورٹ کی تقریباً ایک ہزار 473 ایکڑ زمین پر انتقالِ اراضی اور تجاوزات سے متعلق مسائل موجود ہیں۔ پی اے اے نے ان مسائل کے حل اور منصوبے پر عملدرآمد کے لیے سندھ حکومت سے تعاون طلب کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی حکام کو زمین سے متعلق مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لینے اور پی اے اے سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد (CATI) کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ حیدرآباد کے سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو پاکستان کی پہلی مخصوص ایوی ایشن یونیورسٹی میں تبدیل کیا جائے گا۔ 1982 میں 100 ایکڑ سے زائد رقبے پر قائم ہونے والا CATI، انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کا ریجنل ٹریننگ سینٹر بھی رہا ہے۔

CATI اب تک 49 ممالک کے 25 ہزار سے زائد افراد کو 2,500 کورسز کے ذریعے تربیت فراہم کرچکا ہے۔ ادارے میں ایئر نیوی گیشن، ایئرپورٹ سروسز، ریگولیٹری سروسز اور ایوی ایشن مینجمنٹ کے چار اسکولز موجود ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں فی الحال ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے منظور شدہ کوئی ایسی یونیورسٹی موجود نہیں جو صرف ایوی ایشن کے شعبے کے لیے مختص ہو۔ مجوزہ یونیورسٹی کا مقصد ہوابازی کے شعبے میں تربیت یافتہ پیشہ ور افراد کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہوگا۔

پی اے اے نے کوٹری کو حیدرآباد شہر سے ملانے والی سڑک کی تعمیر کے لیے بھی سندھ حکومت سے مدد طلب کی، جبکہ ایوی ایشن یونیورسٹی کے لیے سائٹ پر موجود موجودہ گرے اسٹرکچرز کو استعمال کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو سڑکوں کے رابطے اور دیگر صوبائی ضروریات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انفراسٹرکچر منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے صوبائی حکومت اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے درمیان مربوط منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔

انہوں نے اپنے دائرہ اختیار میں زمین، سڑکوں کے رابطے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بہتر ایوی ایشن انفراسٹرکچر سے سندھ کے بڑے شہروں اور معاشی مراکز کے درمیان رابطے مضبوط ہوں گے۔ ان کے مطابق ان منصوبوں سے تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ ملے گا جبکہ مسافروں کے لیے خدمات میں بھی بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے وفد کو یقین دلایا کہ اسٹریٹجک اہمیت کے حامل منصوبوں کے لیے صوبائی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایئرپورٹس کی ترقی کو علاقائی سڑکوں کے نیٹ ورک اور وسیع تر ترقیاتی منصوبہ بندی کے ساتھ مربوط کیا جائے۔
 

کرنسی، دھاتوں اور پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ
Currency → PKR
Currency Pair Rate (PKR) Change
🇺🇸 US Dollar USD → PKR 277.27 ▼ 0.05
🇪🇺 Euro EUR → PKR 318.40 ▲ 0.12
🇬🇧 British Pound GBP → PKR 371.31 ▲ 0.87
🇸🇦 Saudi Riyal SAR → PKR 74.40 ▼ 0.28
🇦🇪 UAE Dirham AED → PKR 75.49 ▼ 0.01
🇨🇳 Chinese Yuan CNY → PKR 41.40 ▲ 0.06
Current Metals
Metal Unit Price (PKR) Change
Gold 24K Per Tola 445,336 ▲ 180
Gold 22K Per Tola 408,225 ▲ 165
Gold 21K Per Tola 389,669 ▲ 158
Gold 18K Per Tola 334,002 ▲ 135
Silver Per Tola 6,584 ▼ 34
Platinum Per oz (USD) 1,768 ▼ 7.0%
Current Petrol
Fuel Type Unit Price (PKR) Change
Petrol Super Per Litre 390.79
Diesel HSD Per Litre 279.55
High Octane Per Litre 350.00 ▼ 95.00
Kerosene Per Litre 324.35
LPG Per Kg 258.65
ضرور پڑھیں