عمرہ زائرین کیلئے ویکسینیشن کارڈ کی شرط مؤخر
بارڈر ہیلتھ سروس کے مطابق عمرہ زائرین اب 25 ستمبر صبح 10 بجے تک بغیر ویکسینیشن کارڈ سعودی عرب جا سکیں گے، اس حوالے سے نفاذ کی مدت بڑھانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کیلئے مطلوبہ انتظامات مکمل نہیں کیے جا سکے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح ٹرمینل پر ویکسینیشن کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی سے 3 کمرے فراہم کرنے کے درخواست کی گئی تھی تاہم کراچی ایئرپورٹس پر ہزاروں مسافروں کے لیے صرف ایک ویکسینیشن سینٹر قائم کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمرہ زائرین کیلئے اہم ہدایات جاری
عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کیلئے نادرا ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دیا گیا تھا، جس کا نفاذ آج رات 12 بجے سے ہونا تھا۔
دوسری جانب پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کیلئے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کی شرط پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا۔