لانگ مارچ سے پہلے پی ٹی آئی کے 106 کارکنان جیل میں بند
میڈیا رپورٹس کے مطابق نظر بند کیے گئے کارکنوں کو 30 روز کیلئے اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹیوں کی سفارش پر سیکشن 3 ایم پی او کے تحت عمل میں لائی گئی۔
رپورٹس کے مطابق راولپنڈی ڈویژن سے مجموعی طور پر 106 افراد کو نظر بند کیا گیا، جن میں ضلع راولپنڈی سے 31، اٹک سے 35، چکوال سے 23، جہلم سے 13 جبکہ واہ کینٹ سے 4 افراد شامل ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو خیبرپختونخوا سے کارکنوں کو اکٹھا کرکے اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کی تیاری شروع کر رکھی ہے۔ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے حکومت اور موجودہ نظام کیخلاف احتجاج کو بھرپور انداز میں آگے بڑھانے کے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز سہیل آفریدی کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے ایک نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف نظام کو گرانے کیلئے اسلام آباد کی جانب پوری طاقت کے ساتھ مارچ کرے گی۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ احتجاج پرامن طریقے سے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی طرف بڑھایا جائے گا، دیگر شہروں کے لوگ اسلام آباد نہیں آئیں گے بلکہ اپنے اپنے شہروں کو بند کریں گے، جبکہ خیبرپختونخوا سے متصل علاقوں کے کارکن اسلام آباد پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:حافظ نعیم الرحمان کا 20 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان
پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کے بعد 27 ستمبر کے احتجاج اور ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔