میٹرک رزلٹ میں بڑی غلطی،عافیہ نعیم ری چیکنگ کے بعد تیسری پوزیشن پر آگئیں
تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایک نجی اسکول کی طالبہ عافیہ نعیم نے میٹرک امتحانات میں 1187 نمبر حاصل کیے، تاہم انہیں اپنے حاصل کردہ نمبروں پر تحفظات تھے۔
طالبہ کو توقع تھی کہ ان کے نمبر اس سے زیادہ ہوں گے، جس پر انہوں نے لاہور تعلیمی بورڈ میں ری چیکنگ کی درخواست جمع کرائی۔
ری چیکنگ کے عمل کے دوران سامنے آیا کہ عافیہ نعیم کے نمبروں کی مجموعی تعداد میں غلطی ہوئی تھی۔ امتحانی طریقہ کار کے مطابق ری چیکنگ میں جوابی کاپی کی دوبارہ مارکنگ نہیں کی جاتی بلکہ نمبروں کے اندراج اور مجموعی تعداد کی دوبارہ جانچ کی جاتی ہے۔
دوبارہ کیلکولیشن کے دوران معلوم ہوا کہ ایک پرچے کی مارکنگ کے وقت ایگزامینر کی جانب سے 2 نمبر شمار کرنا رہ گئے تھے۔ اس غلطی کی تصحیح کے بعد عافیہ نعیم کے مجموعی نمبروں میں 2 نمبر کا اضافہ کردیا گیا۔
یوں طالبہ کے پہلے درج شدہ 1187 نمبروں کے بجائے اب ان کے مجموعی نمبر 1189 ہوگئے ہیں۔ اضافی نمبروں کے بعد عافیہ نعیم لاہور تعلیمی بورڈ کے میٹرک امتحانات میں تیسری پوزیشن کی حقدار بن گئی ہیں۔
واقعے نے امتحانی نتائج کی تیاری اور نمبروں کی جانچ کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، تاہم ری چیکنگ کے ذریعے غلطی سامنے آنے کے بعد طالبہ کو ان کا جائز حق مل گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان نے جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کردیا
لاہور تعلیمی بورڈ کی جانب سے عافیہ نعیم کو تیسری پوزیشن کا اعزاز دینے کیلئے الگ تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ طالبہ کی پوزیشن کا اعزاز دوبارہ سامنے آنے کے بعد تعلیمی حلقوں میں بھی اس واقعے پر گفتگو جاری ہے۔