مولانا فضل الرحمان نے جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کردیا
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے مولانا فضل الرحمان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال، مہنگائی اور عوام کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔
حافظ نعیم الرحمان نے گفتگو کے دوران کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مہنگائی اور عوامی مسائل کیخلاف مؤثر آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے معاملے پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے جماعت اسلامی کی پیٹرولیم لیوی کیخلاف جاری تحریک کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جن سے مہنگائی کا بوجھ کم ہوسکے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلیفونک گفتگو کی، انہوں نے جماعت اسلامی کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کیلئے کی جانے والی جمہوری جدوجہد کو قابل تحسین قرار دیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر وفاقی حکومت کو عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے تاکہ پہلے ہی مہنگائی کے شکار شہریوں پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت آصف علی زرداری لندن سے پاکستان پہنچ گئے
سیاسی رہنماؤں کے درمیان رابطوں کے بعد پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کیخلاف اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ممکنہ تعاون کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔