آج بادل کہاں کہاں بادل برسیں گے؟ اہم پیشگوئی جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور سورج و بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں رات کے وقت چند مقامات پر بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔
کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 25.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ شہر میں جنوب مغربی سمت سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے۔ شہر کا فضائی معیار بھی تسلی بخش قرار دیا گیا ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پرٹیکیولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈ ہوئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، وفاقی دارالحکومت میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 25 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے دوران گرمی میں مزید اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں دن بھر 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ نمی کا تناسب 55 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹریکٹرٹرالی بجلی کے تاروں سے ٹکرا گئی، 6 افراد جاں بحق
کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بیشتر مقامات پر بارش متوقع ہے، جس سے ان علاقوں میں موسم نسبتاً خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔