یو اے ای جانے والے پاکستانیوں کے لیے اہم ہدایات جاری
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے پاکستانی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں قیام کے دوران مقامی قوانین اور ضوابط کی سختی سے پابندی کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جو قانونی مشکلات کا باعث بن سکتی ہو۔
حکام کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق وزٹ ویزے پر یو اے ای جانے والے افراد کو ملازمت یا کسی بھی قسم کا کام کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے پہلے اسے تجدید کرائیں یا اپنی قانونی حیثیت برقرار رکھیں، بصورت دیگر غیر قانونی قیام یا کام کرنے پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستانی شہریوں کے لیے 10 اہم ہدایات
1۔ وزٹ ویزے پر ملازمت یا کام کرنے سے گریز کریں۔
2۔ ویزا ختم ہونے سے پہلے اس کی تجدید کرائیں یا قانونی حیثیت برقرار رکھیں۔
3۔ غیر قانونی قیام یا کام کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
4۔ سوشل میڈیا پر یو اے ای کی حکومت، ثقافت یا حساس معاملات سے متعلق قابل اعتراض مواد شیئر کرنے سے گریز کریں۔
5۔ حساس یا اہم مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے سے پہلے متعلقہ حکام سے اجازت حاصل کریں۔
6۔ کسی تنازع کی صورت میں قانون اپنے ہاتھ میں لینے کے بجائے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔
7۔ غیر قانونی احتجاج یا مظاہروں میں شرکت سے مکمل اجتناب کریں۔
8۔ خواتین کا احترام کریں اور کسی بھی قسم کی ہراسانی سے دور رہیں۔
9۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کے لیے مختص نشستوں اور دیگر مخصوص سہولیات کا خیال رکھیں۔
10۔ غیر قانونی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ممنوعہ ادویات یا اشیا یو اے ای لے جانے سے گریز کریں۔
حکام نے پاکستانی شہریوں پر زور دیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں قیام کے دوران مقامی قوانین کا احترام کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی سے دور رہیں جس کے نتیجے میں گرفتاری، جرمانے یا ملک بدری سمیت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔