بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
اسلام آباد، راولپنڈی، سوات اور مالاکنڈ میں بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جبکہ مختلف شہروں میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ سوات اور مالاکنڈ میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
انتظامیہ نے دریائے سوات کے کنارے آباد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور عوام کو دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر آبی گزرگاہوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
باغوں کے شہر لاہور میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔ لاہور میں ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جو بڑھ کر 12 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں، تاہم گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں بارش کے دوران نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ نالوں، ڈرینز، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں کی نگرانی جاری ہے جبکہ نکاسی آب کے آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے ہنگامی صورتحال میں 1122، 16 اور 1334 پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان باہر آئے تو اپنے خلاف سازشوں کا حساب لوں گا: علی امین گنڈاپور
دوسری جانب کراچی میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہنے جبکہ بعض مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوب مغربی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے جبکہ شہر کا فضائی معیار تسلی بخش ریکارڈ کیا گیا ہے۔