گیس کمپریسر پھٹنے سے ماں اور 3 بچے جاں بحق
ذرائع کے مطابق شاہد علی ابڑو کے گھر میں اچانک اے سی کا کمپریسر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود افراد شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے باعث شاہد علی کا 2 سالہ بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ شاہد علی، ان کی اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں مزید علاج کیلئے کراچی منتقل کیا گیا۔ تاہم تین روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد شاہد علی کی اہلیہ، بیٹا اور بیٹی بھی جانبر نہ ہوسکے۔
ایک ہی گھر سے ماں اور دو بچوں کی میتیں اٹھنے پر علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی، جبکہ اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:2 گروپوں میں فائرنگ، جے یو آئی رہنما سمیت 3 افراد قتل
شاہد علی کے بھائی کے مطابق شاہد علی پولیس میں کلاس فور کے ملازم ہیں اور انتہائی محنت سے اپنے خاندان کی کفالت کر رہے تھے۔ انہیں اندازہ بھی نہیں تھا کہ گھر میں نصب کمپریسر ہی ان کے خاندان کیلئے اس قدر بڑا سانحہ بن جائے گا۔