9 مئی کیسز: شاہ محمود کی ضمانت پر سماعت ملتوی
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں شاہ محمود کی جناح ہاؤس کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
اے ٹی سی جج منظر علی گل نے درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر ہر صورت مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کی انڈرٹیکنک دی جائے، پراسیکیوٹر نے یقین دہانی کرائی کہ اگلی سماعت پر ریکارڈ پیش کردیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا مدثر عمر نے مؤقف اختیار کیا کہ ضمانت کی درخواست گزشتہ تین سال سے زیر سماعت ہے اور یہ پاکستان میں طویل عرصے سے زیر التوا ضمانت کی درخواستوں میں شامل ہے۔
وکیل نے کہا کہ پراسکیوشن ہر بار صرف تاریخ لینے کے لیے عدالت آتی ہے تاہم عدالت نے شاہ محمود قریشی کی درخواست پر مزید کاروائی 5 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں سولر پینلز کے فروغ کی قرارداد منظور
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر بھی سماعت ہوئی ہے۔
پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔