کوچ اور ڈمپر میں تصادم، 4 افراد جاں بحق متعدد زخمی
تفصیلات کے مطابق حادثہ سوات ایکسپریس وے پر ٹنل ٹو کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث مسافر کوچ اور ڈمپر آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ 4 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو گاڑی سے نکال کر فوری طبی امداد فراہم کی۔
بعد ازاں تمام زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معروف عالم دین مولانا رشید محمد قاتلانہ حملے میں شدید زخمی
حادثے کے بعد ایکسپریس وے پر کچھ دیر کیلئے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، جبکہ موٹروے پولیس نے جائے حادثہ سے متاثرہ گاڑیوں کو ہٹانے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کیلئے اقدامات کیے۔