محکمہ موسمیات نے 5 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں آج سے 5 ستمبر تک بارشیں متوقع ہیں، جبکہ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسمی صورتحال کے باعث بعض علاقوں میں برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود رہے گا۔ متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا تقریباً 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے۔ شہر میں نمی کا تناسب 73 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث حبس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا امکان موجود ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معروف عالم دین مولانا رشید محمد پر فائرنگ، شدید زخمی
کراچی میں جنوب مغرب سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔