معروف مزاحیہ شاعر ڈاکٹر فخر عباس خالقِ حقیقی سے جاملے
اہلِ خانہ کے مطابق ڈاکٹر فخر عباس گزشتہ رات لاہور کے ایک مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ وہ کچھ عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا اور زیرِ علاج تھے۔ ان کے انتقال پر اہلِ خانہ، دوست احباب اور ادبی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر فخر عباس کو مزاحیہ شاعری میں منفرد انداز اور برجستہ اظہار کے باعث خاص شہرت حاصل تھی۔ ان کی شاعری میں معاشرتی رویوں، روزمرہ زندگی اور مختلف حالات کو مزاح کے انداز میں پیش کیا جاتا تھا، جسے قارئین اور سامعین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
ان کی معروف نظم یہ جو لاہور سے محبت ہے، یہ کسی اور سے محبت ہے خاص طور پر مقبول ہوئی۔ اس نظم نے انہیں ادبی و مزاحیہ شاعری کے حلقوں میں مزید نمایاں شناخت دلائی۔
ڈاکٹر فخر عباس کے انتقال کی اطلاع سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی ان کے مداحوں اور ادبی شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ مداحوں نے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی ادبی کاوشوں اور مزاحیہ شاعری کو یاد کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے سرکاری سکولوں میں اے آئی کی تعلیم لازمی قرار
اہلِ خانہ کے مطابق ڈاکٹر فخر عباس کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں ان کے آبائی قصبے فاروق آباد میں سپردِ خاک کردیا گیا۔