معروف عالمِ دین مولانا طلحہ رضوی قاتلانہ حملے میں جاں بحق
پولیس کے مطابق مولانا طلحہ رضوی گزشتہ روز مدرسے میں قرآنِ پاک کی تلاوت میں مصروف تھے کہ اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا، گولیاں لگنے سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس موقع پر پہنچ گئے، زخمی مولانا طلحہ رضوی کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد لاش کو ضروری قانونی کارروائی کیلئے منتقل کیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
پولیس نے مولانا طلحہ رضوی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کیلئے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیمیں مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ حملہ آوروں تک پہنچا جاسکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات جاننے کیلئے بھی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی شناخت کیلئے مختلف ذرائع سے معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی ساحل کے قریب مال بردار جہاز ڈوب گیا، 22 افراد لاپتہ
مولانا طلحہ رضوی کے قتل کی خبر سامنے آنے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا پیدا ہوگئی، جبکہ مذہبی حلقوں کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔