رویت ہلال کمیٹی کا ربیع الاول کے چاند سے متعلق اہم اعلان
پاکستان میں ربیع الاول 1448 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد یکم ربیع الاول ہفتہ 15 اگست کو ہوگی جب کہ 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست کو ہوگی۔ وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
جمعرات کو ماہ ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں بعد نماز عصر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: چاند پر پاکستان کا مشن، پہلی قمری گاڑی کا نام ’جناح-1‘ رکھ دیا
ملک بھر میں ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے متعلقہ زونز میں منعقد ہوئے۔
اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی رویت سے متعلق اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ربیع الاول کا چاند نظر نہ آنے کے باعث یکم ربیع الاول 1448 ہجری ہفتہ 15 اگست کو ہوگی جب کہ 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست کو ہوگی۔