سپریم کورٹ ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں بڑا اضافہ
نئی تنخواہوں اور الاؤنسز کا اطلاق 10 دسمبر 2025 سے ہوگا، جبکہ گزشتہ مدت کے مالی فوائد اور اضافے کے بقایا جات بھی ججز کو ادا کیے جائیں گے۔ منظوری کے بعد جاری ہونے والا صدارتی حکمنامہ سپریم کورٹ ججز کی تنخواہ حکمنامہ 2026 کہلائے گا۔
حکمنامے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ روپے ہوگی۔
دستاویز کے مطابق سپریم کورٹ ججز کی بنیادی تنخواہ 11 لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کردی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ججز کو بنیادی تنخواہ کی مد میں ماہانہ تقریباً 4 لاکھ روپے اضافی ملیں گے۔
اسی طرح ججز کے جوڈیشل الاؤنس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جوڈیشل الاؤنس 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے ماہانہ کردیا گیا ہے، جس سے اس مد میں ماہانہ تقریباً 3 لاکھ 39 ہزار روپے کا اضافہ ہوگا۔
حکمنامے میں سپریم کورٹ ججز کے پنشن پیکج میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، پنشن سے متعلق ایک شق میں عمر کی حد 70 سال سے بڑھا کر 75 سال جبکہ دوسری متعلقہ شق میں عمر کی حد 85 سال سے بڑھا کر 90 سال کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سپریم کورٹ کے ججز کیلئے ماہانہ ایک لاکھ 50 ہزار روپے میڈیکل الاؤنس بھی مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:میر رضا قتل کیس: پولیس نے عدالت میں ابتدائی رپورٹ جمع کرا دی
حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن پیکج میں ہونے والی یہ تبدیلیاں فوری طور پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔