اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: مریم نواز
اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ اقلیتوں کی آزادی اور حقوق کے لیے قائداعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرگرم تمام اقلیتی بہن بھائیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اقلیتوں کی عزت، ناموس، تحفظ اور ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، ترقی اور فلاح و بہبود کا پورا حق دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے’’مینارٹی کارڈ‘‘متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے اقلیتی خاندانوں کو سہ ماہی ساڑھے 10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سکولوں کے اوقات کار تبدیل، نیا شیڈول جاری
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پہلا سکھ میرج ایکٹ 2024 منظور کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا، جبکہ ’’آنند کارج‘‘ کو قانونی حیثیت دی گئی ہے۔ اسی طرح طویل عرصے سے زیر التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار تک آسان رسائی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ رواں مالی سال اقلیتی برادری کے لیے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ اور مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی گوردواروں، چرچز اور مندروں کی تعمیر و بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس جبکہ یوحنا آباد میں لائیو کورسز بھی شروع کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر اب سرکاری سطح پر بھرپور طریقے سے منائے جاتے ہیں، جبکہ صوبے میں اقلیتی کوٹہ سسٹم پر بھی من و عن عمل کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کے نہ صرف محافظ ہیں بلکہ انہیں ہر میدان میں جائز حصہ دینے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔ پنجاب تیزی سے ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں محبت اور رواداری ہماری پہچان بنے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیں گے۔