سکولوں کے اوقات کار تبدیل، نیا شیڈول جاری
نئے شیڈول کا اطلاق 6 اگست 2026 سے فوری طور پر کر دیا گیا ہے، تمام سرکاری سکولوں کو نئے اوقات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق صوبے کے پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری سکولوں کیلئے الگ الگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔
سرکلر کے مطابق 6 اگست سے 31 اکتوبر تک سنگل شفٹ پرائمری سکول پیر سے جمعرات تک صبح 8 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز سکولوں کے اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے۔ یکم نومبر سے 31 مارچ تک سنگل شفٹ پرائمری سکول صبح 8:30 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک جاری رہیں گے۔
ڈبل شفٹ ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری سکولوں کی پہلی شفٹ کے اوقات بھی تبدیل کیے گئے ہیں، 6 اگست سے 31 اکتوبر تک پہلی شفٹ صبح 7:30 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک ہوگی، جبکہ یکم نومبر سے 31 مارچ تک یہ اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 1:45 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مون سون کا پانچواں اسپیل کل سے شروع ہونے کا امکان
محکمہ سکول ایجوکیشن سندھ نے تمام متعلقہ افسران اور سکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ نئے اوقاتِ کار پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے، یہ شیڈول آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہے گا۔
نئے اوقاتِ کار کا مقصد سکولوں میں تعلیمی نظام کو بہتر انداز میں منظم کرنا اور طلبہ و اساتذہ کے لیے سہولیات کو یقینی بنانا ہے۔