وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ اجلاس، کچہ پولیس کیلئے 1.1 ارب روپے کی منظوری
اجلاس میں کابینہ اراکین نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں انتخابی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر کے الیکشن میں فتح سے نوازا اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
کچہ میں 30 سال بعد اغوا برائے تاوان جیسے جرائم کا خاتمہ
صوبائی کابینہ کے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچہ کے علاقے میں 30 سال بعد اغوا برائے تاوان جیسے جرائم کا خاتمہ کردیا گیا ہے جبکہ گزشتہ نومبر سے کچہ کے علاقے میں جرائم کی شرح صفر رہی ہے۔
اجلاس میں کچہ کے علاقے میں پولیس کے لیے اسلحہ اور دیگر حفاظتی آلات کی خریداری کے لیے 1.1 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ کچہ ایریا میں تعینات پولیس نفری کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری بھی دی گئی جبکہ کچہ کے پولیس شہداء کو شہید پیکیج دینے کے لیے قواعد میں نرمی کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کچہ کے علاقے میں پہلی مرتبہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ روجھان کے نوجوانوں کے لیے پولیس میں بھرتیوں کے حوالے سے خصوصی رعایتی پیکیج دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ کے تحت 30 ہزار لاٹ الاٹ
اجلاس میں بتایا گیا کہ ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ پروگرام کے تحت 30 ہزار لاٹ الاٹ کر دی گئی ہیں اور متعلقہ افراد کو لیٹر بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ پروگرام کے لیے ایک لاکھ 71 ہزار افراد نے درخواستیں جمع کرائیں، جن میں سے 60 ہزار افراد کو اہل قرار دیا گیا۔
میٹرک میں بیٹیوں کی کامیابی کا تناسب 78 فیصد
وزیراعلیٰ مریم نواز نے میٹرک امتحانات میں بیٹیوں کی کامیابی کا تناسب 78 فیصد ہونے پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ صوبے کے شفاف امتحانی نظام کو بھی سراہا۔ انہوں نے میٹرک امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی اسکول ٹیچر کی بیٹی کو شاباش بھی دی۔
دسمبر تک 1100 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل تک الیکٹرو بس سروس پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دسمبر تک صوبے میں 1100 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان بھی دہرایا۔
گندم کی بوائی کی حوصلہ افزائی کی ہدایت
اجلاس میں صوبہ بھر میں گندم کی بوائی کی حوصلہ افزائی اور معاونت کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اچھی فصل کے باوجود گندم کی کمی کے تاثر کو فکر انگیز قرار دیا اور متعلقہ حکام کو اس معاملے پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر سٹریٹجک ذخائر اور اسٹاک مینجمنٹ کے لیے نیشنل ویٹ پالیسی 2026-2030 کا بھی جائزہ لیا گیا۔
900 سیکرٹری یونین کونسل کی بھرتی کی منظوری
صوبائی کابینہ نے پنجاب بھر میں 900 سیکرٹری یونین کونسل کی بھرتی کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کو محکمہ تعلیم سے منسلک کرنے اور اسے وزیر تعلیم کے ماتحت کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اسی طرح جیل خانہ جات ریجنل کمانڈ گوجرانوالہ کے قیام، سرکاری تحویل میں موجود حویلیوں اور جائیدادوں کی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کو منتقلی سمیت متعدد دیگر امور کی بھی منظوری دی گئی۔
مون سون اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے اقدامات کو سراہا
کابینہ اجلاس میں مون سون بارشوں اور اربن فلڈنگ کے لیے پیشگی اقدامات کو سراہا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بارشوں کے دوران فوری نکاسی آب کے لیے معاون خصوصی شعیب مرزا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے عمدہ قرار دیا۔
اجلاس میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ سے متعلق امور طے کرنے کے لیے چار رکنی وزارتی کمیٹی قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ مختلف محکموں سے متعلق متعدد ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھی فصل کے باوجود گندم کی کمی کا تاثر تشویش کا باعث ہے۔