وزیراعلیٰ مریم نواز کی ڈرنکنگ واٹر بوتل پر چارجز لگانے کی تجویز مسترد
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی، واٹر فلٹریشن پلانٹس، بوتل بند پانی کی فراہمی اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 4 اضلاع میں کلین ڈرنکنگ واٹر کے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 19 لیٹر کی 10 ہزار بوتلیں مفت فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چاروں اضلاع میں جاری پائلٹ پراجیکٹ کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی۔
4 اضلاع میں مفت بوتل بند پانی کی فراہمی
بریفنگ میں بتایا گیا کہ خوشاب میں عوام کو روزانہ پینے کے صاف پانی کی 860 بوتلیں فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ رحیم یار خان میں روزانہ 780 بوتلیں مہیا کی جارہی ہیں۔
اسی طرح ڈیرہ غازی خان میں کوہِ سلیمان کے دور دراز علاقوں تک روزانہ 1500 بوتلیں پہنچائی جارہی ہیں، جبکہ بہاولپور کے دور دراز علاقوں میں روزانہ 2780 بوتلیں فراہم کی جارہی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بہاولپور، رحیم یار خان اور خوشاب کے ڈپٹی کمشنرز کو کلین ڈرنکنگ واٹر منصوبے کے حوالے سے عوامی فیڈ بیک لینے کی ہدایت کرتے ہوئے چاروں اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی روزانہ ضرورت کا تعین کرنے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں ٹینکرز کے ذریعے صاف پانی گھروں تک پہنچانے کی تجاویز اور سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ٹرکوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کردی۔
پنجاب میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر تیز کرنے کا حکم
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 864 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر شروع کردی گئی ہے، جبکہ مزید 1913 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے 1886 منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرکے انہیں مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔
پنجاب میں 670 بوتلنگ پلانٹس قائم کرنے کی تجویز
اجلاس میں صوبہ بھر میں کلین ڈرنکنگ واٹر کے 670 بوتلنگ پلانٹس قائم کرنے کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ کے مطابق 335 بوتلنگ پلانٹس پر روزانہ 5 ہزار لیٹر جبکہ مزید 335 پلانٹس پر روزانہ 10 ہزار لیٹر کلین واٹر کی پیداوار ممکن ہوگی۔
صاف پینے کے پانی کی بوتلیں عوام تک پہنچانے کے لیے پنجاب بھر میں 4020 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس قائم کرنے کی تجویز بھی اجلاس میں پیش کی گئی۔
صاف پانی ہر شہری کا حق ہے: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر پینے کا صاف پانی پہنچانا ان کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پینے کا پانی پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے اور جہاں صاف پانی دستیاب نہیں وہاں ہر صورت بوتلوں میں بند پانی پہنچایا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام بالخصوص خواتین اور بزرگوں کو سر پر پانی لے جاتے دیکھ کر انہیں ناقابل بیان تکلیف ہوتی ہے۔ دور دراز علاقوں میں پانی کے حصول کے لیے تپتی دھوپ اور کٹھن راستوں کی صعوبتیں برداشت کرنے کا وقت ختم ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں پینے کے صاف پانی کے پلانٹس کا مکمل طور پر فعال نہ ہونا افسوسناک اور تکلیف دہ امر ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ایسے علاقوں تک بھی صاف پانی پہنچایا جائے جہاں شہری طویل عرصے سے اس بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔
صاف پانی گھر گھر پہنچانے کا عزم
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مختصر مدت میں کلین ڈرنکنگ واٹر گھر گھر پہنچانے کو ممکن بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق کلین ڈرنکنگ بوٹلڈ واٹر پراجیکٹ کے تحت روزانہ لاکھوں لیٹر پانی عزت و احترام کے ساتھ شہریوں کی دہلیز تک پہنچایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلین ڈرنکنگ واٹر محض ایک سہولت نہیں بلکہ عوام کی صحت، سکون اور وقار کی پختہ ضمانت ہے۔ حکومت صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو مزید وسعت دے گی تاکہ پنجاب کے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر صاف پانی میسر آسکے۔