کل سے ملک بھر میں مون سون کے نئے طاقتور اسپیل کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوگا جس سے بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 29 جولائی سے 5 اگست تک وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
پشاور، مردان، نوشہرہ، چار سدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات اور شانگلہ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ وسطی اور شمالی پنجاب میں 29 جولائی سے 4 اگست تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب میں 31 جولائی سے 3 اگست جبکہ مشرقی اور جنوبی بلوچستان میں بھی اسی دوران بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، بارش میں نہانے، تیراکی اور کشتی رانی پر پابندی
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ مری، گلیات، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے برساتی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔