سرکاری ملازمین کیلئے کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ
محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے تحت مختلف سرکاری ملازمین کے گریڈ کے حساب سے کنوینس الاؤنس کی نئی شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔ گریڈ ایک سے چار تک کے ملازمین کا ماہانہ کنوینس الاؤنس 1,785 روپے سے بڑھا کر 2,678 روپے کردیا گیا ہے، جبکہ گریڈ پانچ سے دس تک کے ملازمین کا الاؤنس 1,932 روپے سے بڑھا کر 2,898 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح گریڈ 11 سے 15 تک کے سرکاری ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں بھی اضافہ کیا گیا، ان ملازمین کا الاؤنس 2,856 روپے سے بڑھا کر 4,284 روپے کردیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے افسران و ملازمین کا کنوینس الاؤنس 5,000 روپے سے بڑھا کر 7,500 روپے ماہانہ مقرر کردیا گیا۔
محکمہ خزانہ سندھ کے مطابق کنوینس الاؤنس میں اضافے کا اعلان صوبائی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کیا تھا، جس پر اب عملدرآمد شروع کیا جا رہا ہے، اس فیصلے سے صوبے کے لاکھوں سرکاری ملازمین کو مالی فائدہ پہنچے گا۔
سرکاری ملازمین نے الاؤنس میں اضافے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت ملازمین کو درپیش دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی مزید اقدامات کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:گاڑیوں کی نمبر پلیٹس بدلنے کا فیصلہ، قیمتوں میں بھی اضافہ
ملازمین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں اضافی سہولیات سے انہیں روزمرہ اخراجات پورے کرنے میں مدد ملے گی۔