لاہور ٹریفک پولیس کا یونیفارم پھر تبدیل کرنے کا فیصلہ
پولیس ذرائع کے مطابق ٹریفک وارڈنز اب دوبارہ پہلے والے یونیفارم پیٹرن کی جانب واپس جائیں گے۔
ٹریفک پولیس اہلکار اب سفید شرٹ اور نیلی پینٹ کے بجائے بلش گرے رنگ کی یونیفارم پہنیں گے۔ یونیفارم میں یہ تبدیلی انتظامی سطح پر زیر غور لائی گئی ہے تاکہ ٹریفک پولیس کے لباس کو دوبارہ یکساں اور بہتر انداز میں ترتیب دیا جا سکے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سابق چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اطہر وحید کے دور میں ٹریفک وارڈنز کی یونیفارم تبدیل کی گئی تھی، جس کے لیے اہلکاروں کو فی کس 5 ہزار روپے بھی فراہم کیے گئے تھے۔ تاہم اب ایک بار پھر یونیفارم میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یونیفارم تبدیلی کے حوالے سے ڈی آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں اے آئی جی لاجسٹکس، ایس پی آر ایم پی اور ایس پی پی ایچ پی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹریفک پولیس کی نئی یونیفارم کے حوالے سے اہم امور پر غور کیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی موجودہ یونیفارم کا پیٹرن برقرار رکھے گی۔ ہر یونٹ کے افسران اور اہلکاروں کو ایک ہی طرز کی یونیفارم فراہم کی جائے گی تاکہ فورس میں یکسانیت برقرار رہے۔
یہ بھی پڑھیں:لیسکونے خراب ہونیوالے ٹرانسفارمرز کو فوری تبدیل کرنے کیلئے بڑا فیصلہ
پولیس حکام کے مطابق یونیفارم کی تبدیلی کا مقصد اہلکاروں کو بہتر سہولت فراہم کرنا اور ادارے کی شناخت کو مزید نمایاں بنانا ہے، تاہم نئی یونیفارم کب سے نافذ العمل ہوگی، اس حوالے سے حتمی اعلان کا انتظار ہے۔