پنجاب میں بارشوں سے سڑکیں زیر آب، وزیراعلیٰ کا نوٹس
لاہور سمیت مختلف شہروں میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ متعدد رابطہ سڑکیں زیر آب آگئیں۔
لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی جبکہ متعلقہ اداروں نے نکاسی آب کے لیے کارروائیاں شروع کر دیں۔
دوسری جانب مری میں بھی شدید بارشوں کے باعث صورتحال خراب ہوگئی، جھیکا گلی کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہوگئیں، جس کے نتیجے میں متعدد سیاح متاثر ہوئے۔ انتظامیہ اور امدادی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور راستے بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری کے متاثرہ علاقوں میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ تین روز کیلئے مون سون کے نئے سلسلے کا الرٹ جاری کر دیا۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ، گلیشیئر پھٹنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مبینہ پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ مشہور ٹک ٹاکر ہلاک
انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔