مبینہ پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ مشہور ٹک ٹاکر ہلاک
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم سوشل میڈیا پر ٹک ٹاکر کے طور پر بھی مشہور تھا۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ کوتوالی کی حدود میں اسنیچنگ کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، وہاں موجود ملزمان نے اہلکاروں پر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں رائیڈر اسکواڈ کا اہلکار حیدر علی شاہ زخمی ہوگیا۔
جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس میں مبینہ طور پر ملزم ماصل عرف ماصلے ولد شیر بہادر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، ہلاک ملزم قاضی خیلان کا رہائشی تھا اور اس کے خلاف متعدد سنگین مقدمات درج تھے۔
ملزم منشیات فروشی، راہزنی اور دیگر جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا، پولیس ریکارڈ کے مطابق اس کے خلاف تھانہ کوتوالی، تھانہ چمکنی اور دیگر مقامات پر منشیات، اسلحہ اور دیگر جرائم سے متعلق مقدمات درج تھے۔
یہ بھی پڑھیں:بارشی جوہڑ میں نہاتے ہوئے 2 معصوم بچے ڈوب کر جاں بحق
پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب زخمی پولیس اہلکار کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔