پیٹرول کی قیمت میں تبدیلی کا نیا فارمولا کیسے کام کریگا؟
حکومت پاکستان کا پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق تعین کردہ نئے نظام کے تحت آئندہ 9 ماہ تک آزمائشی بنیادوں پر پیٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا، نئے نظام کا مقصد عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کا اثر مقامی قیمتوں میں زیادہ تیزی سے منتقل کرنا ہے۔
وزرات توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں کا تعین بین الاقوامی خام تیل کی قیمت، پلیٹس عرب گلف ریٹ اور حقیقی درآمدی لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا تاکہ مقامی نرخ عالمی مارکیٹ کے مطابق رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں مقرر، نوٹیفکیشن جاری
نئے طریقہ کار کے تحت اگر پاکستان اسٹیٹ آئل گزشتہ سات کاروباری دنوں کے دوران نئی پیٹرولیم کھیپ در آمد کرتا ہے تو اسی درآمدی پریمیم اور متعلقہ اخراجات کو قیمت میں شامل کیا جائے گا تاہم اگر اس عرصے میں نئی درآمد نہ ہوئی تو یکم جنوری سے اب تک کے اوسط درآمدی پریمیم کو بنیاد بنایا جائے گا تاکہ قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ سے بچا جا سکے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ قیمتوں کا اعلان صرف پیر سے جمعہ کیا جائے گا جبکہ ہفتہ اور اتوار کو نرخ برقرار رہیں گے تاکہ مارکیٹ میں استحکام قائم رکھا جا سکے۔
نئے نظام کے تحت روزانہ قیمتوں کے تعین کیلئے وزیراعظم یا وفاقی کابینہ سے الگ منظوری درکار نہیں ہوگی بلکہ مقررہ فارمولے کے مطابق قیمتیں خودکار انداز میں طے کی جائیں گی۔
تاہم پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی، کسٹم ڈیوٹی، کلائمنٹ لیوی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن بدستور وفاقی حکومت کے اختیار میں رہیں گے اور ان میں کسی بھی تبدیلی کیلئے حکومتی منظوری ضروری ہوگی۔