چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے اہم رہنماؤں کی ملاقاتیں
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے زرداری ہاؤس میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کی انتخابی مہم، پارٹی حکمت عملی اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ انتخابی سرگرمیوں، پارٹی تنظیم اور انتخابی مہم کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا، پارٹی قیادت نے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھانے پر زور دیا۔
بعد ازاں چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے بھی زرداری ہاؤس میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل، ان کے حل اور اوورسیز کمیونٹی کیلئے سہولیات بہتر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اور اس حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان سے رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کیلئے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ
واضح رہے کہ یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں اور مختلف سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔