اسلام آباد: (سنو نیوز) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024ء کے لیے ڈیڈ لائن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب انتخابی مہم اختتام پذیر ہو گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن سے قبل سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم جاری ہے اور سیاسی رہنما جلسوں، ریلیوں اور پریس کانفرنسز کی صورت میں اپنے منشور عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں۔
انتخابات 2024 ء چند گھنٹے کی دوری پر ہیں تو یہاں پر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ الیکشن سے قبل سیاسی جماعتوں کی کیا سرگرمیاں ہوں گی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اس حوالے سے کیا ہدایات ہیں؟
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حالیہ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عام انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدوار اور سیاسی جما عتیں الیکشن ایکٹ 2017 ءکے سیکشن 182 کے مطابق آج 6 فروری کی شب 12 بجے کے بعد کوئی بھی شخص کسی بھی جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ یا اس نوعیت کی سیاسی سرگرمی کا نہ تو انعقاد کرے گا اور نہ ہی اس میں شرکت کرے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص جو قانون کی مذکورہ بالا شق کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا، اس کے خلاف قانونی کارروئی عمل میں لائی جائے گی۔ مذکورہ بالا وقت کے بعد الیکشن مہم، اشتہارات و دیگرتحریری مواد کی الیکڑونک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر پابندی ہے، جس سے کسی خاص سیاسی پارٹی یا امیدوار کی حمایت اور مخالفت کا شبہ ہو، اس کے علاوہ انتخابی عمل کے انعقاد تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔