پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے : شہباز شریف
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت خطے میں کشیدگی کے ملکی معیشت پر اثرات کے جائزہ اجلاس میں سادگی و کفایت شعاری کے اقدامات پر رپورٹ پیش کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سادگی و کفایت شعاری مہم میں عوام نے بھرپور کردار ادا کیا جس پر تہہ دل سے مشکور ہیں، اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم ہے، ضرورت پڑنے پر بروقت اقدامات کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات اور توانائی بچت کی قومی مہم میں عوام کے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت فی الاوقت مستحکم ہے، ضرورت پڑنے پر بروقت اقدامات کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے ،بروقت اور مؤثر حکومتی حکمتِ عملی سے ملک میں ایندھن کی فراہمی کی صورتحال کا بہترین انداز میں انتظام کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: چھوٹے تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم، طریقہ کار جاری
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عام آدمی، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کیا۔ حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈی کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں کے اضافے کے اثرات کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا، صوائی حکومتوں سے مل کر پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی بڑھنے کے منفی اثرات سے ملکی معیشت کے مستقبل میں متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، جس طرح گزشتہ سادگی مہم میں عوام نے بھرپور ساتھ دیا، اس طرز پر کفایت شعاری کو قومی سطح پر اپنانا ہوگا۔
اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کیلئے اس کی فراہمی کو یقینی بنا لیا گیا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔