جوڈیشل افسران کو رعایتی قیمت پر گاڑیاں فراہم کرنے کی سکیم منظور
لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن فیسیلٹی کے تحت اہل جوڈیشل افسران ڈھائی لاکھ روپے سے ساڑھے 3 لاکھ روپے تک کی رعایتی قیمت پر سرکاری گاڑیاں خرید سکیں گے۔
اس اقدام کا مقصد عدالتی افسران کو سفری سہولت فراہم کرنا اور سرکاری ٹرانسپورٹ کے نظام کو مونیٹائزیشن پالیسی کے مطابق منظم کرنا ہے۔
اس اسکیم سے پنجاب بھر میں تعینات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز، سول ججز اور فیملی کورٹس کے ججز مستفید سکیں گے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں عدالتی ذمہ داریاں انجام دینے والے افسران بھی مقررہ شرائط کے مطابق گاڑیاں خریدنے کی سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔
سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی عدالتوں میں خدمات انجام دینے والے ججز بھی اس سہولت کے اہل ہوں گے، ان میں انسداد دہشت گردی عدالتوں، احتساب عدالتوں، بینکنگ کورٹس، وفاقی تحقیقاتی ادارے سے متعلق عدالتوں، انسداد منشیات، کسٹمز اور لیبر کورٹس کے ججز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سپریم کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ، آئینی عدالت اور دیگر سرکاری اداروں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات پنجاب جوڈیشری کے افسران بھی اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے، بشرطیکہ وہ مقررہ قواعد اور اہلیت کی شرائط پوری کرتے ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ریلویز کا بلھے شاہ پسنجر ٹرین بحال کرنے کا فیصلہ
لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے گاڑیوں کی الاٹمنٹ، قیمت، ادائیگی کے طریقہ کار اور دیگر انتظامی امور سے متعلق تفصیلی ہدایات بھی متعلقہ حکام کو جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
اسکیم کی منظوری کے بعد پنجاب کے عدالتی افسران کو سرکاری گاڑیاں انتہائی رعایتی نرخوں پر خریدنے کا موقع مل سکے گا۔