ممتاز کارٹونسٹ پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود انتقال کر گئے
ان کے انتقال کی خبر نے علمی، فنی اور تعلیمی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑا دی۔
پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود نہ صرف اسلامی فنِ تعمیر کے ممتاز ماہر سمجھے جاتے تھے بلکہ بطور کارٹونسٹ بھی انہوں نے اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ ان کے تخلیق کردہ کارٹونز معاشرتی مسائل، قومی حالات اور عوامی سوچ کی مؤثر عکاسی کرتے تھے، جنہیں ملک بھر میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات تعلیمی، تحقیقی اور فنی دنیا کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرحوم نے اسلامی فنِ تعمیر کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں، جبکہ کارٹون آرٹ کے ذریعے بھی معاشرے میں مثبت شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر شوکت محمود نے اپنی علمی قابلیت، تحقیقی کام اور تخلیقی صلاحیتوں کے باعث نہ صرف یو ای ٹی بلکہ پاکستان کا نام بھی عالمی سطح پر روشن کیا۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:کوٹ لکھپت جیل سے پی ٹی آئی رہنماؤں کا چیف جسٹس کو خط
پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود کی وفات پر اساتذہ، طلبہ، فنکاروں، انجینئرز اور سماجی شخصیات نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی علمی و فنی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔