ملک بھر کے موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹول ٹیکس میں اضافہ
این ایچ اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نرخ آج سے نافذ العمل ہیں اور ان کا اطلاق کاروں، ویگنوں، منی بسوں، بسوں، دو اور تین ایکسل ٹرکوں سمیت آرٹیکیولیٹڈ ٹرکوں پر بھی ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایم ون، ایم تھری، ایم فور، ایم فائیو، ایم 14، ای 35 ہزارہ ایکسپریس وے، کوہاٹ ٹنل اور اسلام آباد مری ڈوئل کیرج وے سمیت مختلف اہم روٹس پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔
این ایچ اے کے مطابق قومی شاہراہوں پر کار کے لیے ٹول ٹیکس 100 روپے، ویگن کے لیے 200 روپے جبکہ بس کے لیے 300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ایم تھری موٹروے لاہور تا عبدالحکیم پر کار کا ٹول ٹیکس ایک ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، ویگن کے لیے 1500 روپے، منی بس کے لیے 2200 روپے جبکہ بس کے لیے 3150 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
اسی طرح ایم فور موٹروے پنڈی بھٹیاں تا ملتان پر کار کا ٹول ٹیکس 1350 روپے کر دیا گیا ہے، ویگن سے 1950 روپے، منی بس سے 2900 روپے جبکہ بس سے 4050 روپے وصول کیے جائیں گے۔
ایم فائیو موٹروے ملتان تا سکھر پر کار کے لیے نیا ٹول 1500 روپے مقرر کیا گیا ہے، ویگن کے لیے 2200 روپے، منی بس کے لیے 3250 روپے جبکہ بس کے لیے 4600 روپے ٹول فیس رکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موٹروے پر سفر مزید مہنگا، ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق نظرثانی شدہ نرخ تمام متعلقہ ٹول پلازوں پر فوری طور پر لاگو کر دیے گئے ہیں اور مسافروں سے نئے شیڈول کے مطابق فیس وصول کی جا رہی ہے۔
نئے اضافے کے بعد موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں، ٹرانسپورٹرز اور مال بردار گاڑیوں کے اخراجات میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
ٹرانسپورٹ شعبے سے وابستہ افراد کے مطابق ٹول ٹیکس میں اضافے کے اثرات کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات پر بھی پڑ سکتے ہیں۔