جائیداد کا لالچ: سفاک بیٹوں نے باپ کو زنجیروں میں جکڑ دیا
ڈی آئی خان میں جائیداد کی لالچ میں سفاک بیٹوں کی جانب سے اپنے ہی والد کو زنجیروں اور رسیوں سے جکڑ کر قید کرنے کا انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جسے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
یہ واقعہ تھانہ پہاڑ پور کے علاقے کوٹ جائی میں پیش آیا، جہاں ملزمان حبیب اللہ اور شعیب اپنے بزرگ والد اللہ یار سے زبردستی اراضی اپنے نام کروانا چاہتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے سے متعلق بڑا فیصلہ
بزرگ شہری اپنی بیٹیوں کو جائیداد میں ان کا شرعی حصہ دینے پر بضد تھے، جس پر بیٹوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر ایک تاریک کمرے میں بند کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق بزرگ شہری کی بیٹی نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی، جس پر پولیس نے فوری چھاپہ مار کر گزشتہ پانچ روز سے محبوس بزرگ شہری کو بیڑیوں اور رسیوں سے آزاد کرا لیا۔
پولیس نے بیٹی کی مدعیت میں سنگدل بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی تفتیش شروع کر دی ہے۔