ملک بھر میں 10 جولائی تک بارشوں کا الرٹ، دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق دوسرے مون سون اسپیل اور مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث 06 سے 10 جولائی کے دوران شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
الرٹ میں کہا گیا کہ متوقع بارشوں کے باعث پہاڑی ندی نالوں، برساتی آبی گزرگاہوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث گلگت بلتستان میں دریائے سندھ، دریائے یاسین، دریائے غذر، دریائے کیلیک، دریائے منٹاکا، دریائے داریل اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں دریائے لوٹھکو، اشیرائی خوڑ، دریائے دارال، آلائی خوڑ، گڑائی خوڑ، خان خوڑ، دریائے پالاس، دریائے سیرن، دریائے دھور، دریائے جندی، دریائے بارہ، دریائے گومل، ٹانک زام اور مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
الرٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں دریائے نیلم، دریائے پونچھ، دریائے جہلم، دریائے ماہل اور ان کے معاون ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث شمال مشرقی پنجاب میں سیالکوٹ کے ایک اور پھلکو نالہ، نارووال کے بین، بسنتر اور ڈیک نالوں جبکہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی برساتی نالوں میں مقامی سیلاب کا خدشہ ہے۔
اسی طرح بلوچستان میں دریائے ژوب، دریائے کنگری اور بارکھان، لورالائی، مستونگ اور قلات کے برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا اندیشہ ہے۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے، آج سے 8 جولائی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موسمیاتی تبدیلی، اقوامِ متحدہ کی رپورٹ ایک سنجیدہ انتباہ
پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، فیصل آباد، خوشاب اور سرگودھا میں بادل برسنے کی توقع ہے۔
اسی دورانیے میں ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چنیوٹ، اوکاڑہ، قصور، نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں بھی بارش متوقع ہے۔