ہیلمٹ نہ پہنا تو موٹرسائیکل بھی بند، کریک ڈاؤن شروع
نئی ہدایات کے تحت اب ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کا صرف چالان ہی نہیں ہوگا بلکہ ان کی موٹرسائیکل بھی ایک روز کیلئے بند کر دی جائے گی۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک حادثات میں کمی لانے کیلئے صوبہ بھر میں ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے آج سے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا، جس کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ لین لائن کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کیخلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ صرف لین لائن کی خلاف ورزی پر 20 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں بند کی گئیں، جس سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کا نیا ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔ اس جدید سسٹم کے تحت ہر چالان ویڈیو اور تصویر جیسے مکمل شواہد کے ساتھ جاری کیا جائے گا، تاکہ کارروائی شفاف اور منصفانہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس میں بھرتیاں، محسن نقوی کا اہم اعلان
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جان کے تحفظ کیلئے ہر سفر کے دوران ہیلمٹ لازمی پہنیں، لین لائن کی پابندی کریں اور تمام ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔