وزیراعظم اپنا گھر پروگرام تک رسائی میں بڑی آسانی
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی تجویز پر یہ فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد نان بینکنگ ہاؤسنگ فنانس اور انویسٹمنٹ فنانس کمپنیاں بھی اس پروگرام کے تحت قرض فراہم کر سکیں گی۔ اب شہریوں کو گھر کی تعمیر یا خریداری کیلئے بآسانی مالی معاونت حاصل ہو سکے گی۔
ایس ای سی پی کے مطابق نان بینکنگ کمپنیاں ایک کروڑ روپے تک ہاؤسنگ قرض فراہم کرنے کی مجاز ہوں گی، جبکہ مائیکرو فنانس ادارے 50 لاکھ روپے تک قرض دے سکیں گے۔ اس نئے فریم ورک کے تحت وہ شہری بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے روایتی بینک اکاؤنٹس موجود نہیں ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت پہلے 10 سال کیلئے صرف 5 فیصد شرح منافع پر قرض فراہم کیا جائے گا، جس سے کم اور متوسط آمدنی والے افراد کیلئے گھر کا حصول آسان ہو جائے گا۔
ایس ای سی پی کے مطابق نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کا نیٹ ورک ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک پھیلا ہوا ہے، جس سے ہاؤسنگ فنانس کی سہولت دیہی علاقوں تک بھی پہنچے گی، اس حوالے سے باضابطہ فریم ورک جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سی ایس ایس 2027 کا مکمل شیڈول جاری
مزید بتایا گیا کہ یہ کمپنیاں بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے اشتراک سے بھی قرض فراہم کر سکیں گی، جس سے پروگرام کی وسعت اور اثر میں مزید اضافہ ہوگا۔