غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز نے صوبہ بھر میں ایسے تعلیمی اداروں کو نوٹس جاری کرنا شروع کر دیے ہیں جو تاحال رجسٹرڈ نہیں ہیں۔
کارروائی کے پہلے ہی روز 744 غیر رجسٹرڈ سکولوں اور اکیڈمیوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، نوٹس میں تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، بصورت دیگر ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ حکومت اس معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرے گی اور کسی بھی غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس 1984 کے تحت ہر نجی تعلیمی ادارے کیلئے رجسٹریشن لازمی ہے، جبکہ رجسٹریشن کے بغیر سکول یا اکیڈمی چلانا قانوناً جرم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں پر 3 لاکھ سے 40 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی، ایجوکیشن اتھارٹیز کے ریکارڈ کے مطابق صوبے میں اب بھی سینکڑوں نجی تعلیمی ادارے بغیر رجسٹریشن کے کام کر رہے ہیں۔
وزیر تعلیم نے مزید ہدایت کی کہ تمام غیر رجسٹرڈ سکول اور اکیڈمیاں فوری طور پر رجسٹریشن کیلئے درخواستیں جمع کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں:سی ایس ایس 2027 کا مکمل شیڈول جاری
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ بھی تمام نجی سکولوں کیلئے لازمی قرار دے دیا گیا ہے، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی تعلیمی ادارے کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز تین روز کی مہلت ختم ہونے کے بعد رجسٹریشن نہ کرانے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی، جرمانوں اور ممکنہ بندش سمیت تمام قانونی اقدامات کریں گی تاکہ صوبے میں تعلیمی نظام کو محفوظ، شفاف اور قانون کے مطابق بنایا جا سکے۔