وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا صحافیوں کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان
وزیراعلی سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کارکن صحافیوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ میڈیا کالونیوں کے قیام، فزیبلٹی اور ڈیزائن کی تیاری کیلئے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 15 کروڑ روپے، صوبے کے صنعتی پریس کلبوں کی بحالی کے لیے 30 کروڑ روپے اور انفارمیشن سیکٹر میں جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیاحوں سے بھری کشتی جھیل میں الٹنے سے 6 افراد جاں بحق
وزیراعلی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ کی مالیت 20 کروڑ سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دی گئی ہے تاکہ صحافیوں کو زیادہ موثر مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میڈیا اداروں کو سرکاری اشتہارات کے بقایا جات اسی صورت ادا کیے جائیں گے جب وہ اپنے کارکن صحافیوں کے واجبات اور کم از کم مقررہ اجرت کی ادائیگی یقینی بنائیں۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل، ان کی فلاح اور میڈیا کے شعبے کی مضبوطی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے جن سے صحافی برادری کو براہ راست فائیدہ پہنچے گا۔