سوات: سیاحوں سے بھری کشتی جھیل میں الٹنے سے 6 افراد جاں بحق
تفصیلات کے مطابق کشتی الٹنے کا افسوسناک واقعہ کالام میں سیف اللہ جھیل میں پیش آیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 لاپتا ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ، جاں بحق افراد کی لاشیں مہوڈنڈ کے مقام سے نکال لی گئیں جبکہ 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
پولیس کے مطابق بدقسمت کشتی میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد سوار تھے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کشتی الٹنے کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔
سہیل آفریدی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہے، مشکل گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے، خیبرپختونخوا حکومت کی ہدایات پر ریسکیو 1122 جاں بحق افراد کے جسد خاکی آبائی اضلاع منتقل کرے گی، ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور عملہ مکمل طور پر تیار ہے اور منتقلی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کالام سیف اللہ جھیل کشتی حادثہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہے، کشتی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دینی مدرسہ پر آسمانی بجلی گر گئی، 20 سے زائد طالبات جھلس کر زخمی
ان کا کہنا تھا کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے ہدایت کی کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن مزید مؤثر بنایا جائے، متعلقہ ادارے لاپتا افراد کی تلاش تک سرچ آپریشن بلا تعطل جاری رکھیں۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات پر حفاظتی اقدامات اور کشتی رانی کے قواعد پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔