دینی مدرسہ پر آسمانی بجلی گر گئی، 20 سے زائد طالبات جھلس کر زخمی
اطلاعات کے مطابق حالیہ بارش کے دوران دیر بالا کے علاقے اوصوڑئی درہ کے گاؤں رانگوں میں قائم خواتین کے دینی مدرسے پر آسمانی بجلی گری، واقعے کے وقت مدرسے میں طالبات موجود تھیں جو اچانک آسمانی بجلی گرنے سے جھلس گئیں۔
حادثے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی آبادی کے لوگ فوری طور پر مدد کے لیے مدرسے پہنچے، اہل علاقہ نے زخمی طالبات کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں واڑی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی زخمی طالبات کے لواحقین بڑی تعداد میں مدرسے اور پھر ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے بچیوں کی خیریت دریافت کی جس کے باعث وہاں پریشانی اور تشویش کی فضا دیکھی گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے جھلسنے والی طالبات کو طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ بعض طالبات کی حالت کے حوالے سے ڈاکٹروں کی جانب سے مزید معائنے کے بعد صورتحال واضح ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران اچانک زور دار آواز کے ساتھ بجلی گری جس کے بعد مدرسے میں موجود بچیوں کی چیخ و پکار سنائی دی، مقامی افراد نے فوری طور پر مدرسے کا رخ کیا اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں شروع کیں۔
حادثے کے بعد علاقے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بارشوں اور آسمانی بجلی کے خطرات کے پیش نظر تعلیمی اداروں اور مدارس میں حفاظتی اقدامات کو بہتر بنایا جائے۔