ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز کے دوران متعدد شہروں میں موسم خوشگوار ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ شہر میں بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
آج صبح اسلام آباد کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی دن کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں آج موسم جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، جبکہ شہر کے چند علاقوں میں ہلکی بارش یا بونداباندی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی ہے۔ کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جنوب مغرب سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سولر پینلز، بیٹریاں اور انورٹرز کی قیمتوں میں نمایاں کمی
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کراچی کا فضائی معیار فی الحال تسلی بخش ہے اور فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار محفوظ حد کے اندر ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی پیشگوئیوں پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔