یکم سے 6 جولائی تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق یکم تا 6 جولائی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو سکتا ہے، بحیرہ عرب سے بھی مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں اور یکم سے6 جولائی کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، پختونخوا،سندھ،پنجاب، بلوچستان کے مختلف مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم جولائی سے لاہور، راولپنڈی، مری، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد اور نارووال ،ساہیوال ، جھنگ ، ننکانہ صاحب ، ڈی جی خان، ملتان اور دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے، پنجاب بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آج بادل کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
ادھر محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق جون کے آخری ہفتے گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بھی زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جس کے باعث برف اور گلیشئر تیزی سے پگھلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، برفانی جھیلوں کے پھٹنے، ندی نالوں میں اچانک سیلاب اور نشیبی علاقوں میں ہیٹ سٹریس ، اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، علاقہ مکین خصوصی احتیاط برتیں اورموسم میں تبدیلیوں سے ہوشیار رہیں ، میدانی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔
مزید برآں یکم سے 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ میدانی اور بالائی اضلاع میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیشنگوئی کی ہے۔